ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات کی عدم فراہمی کےخلاف درخواست پر تحریری حکم جاری
فائل فوٹولاہور ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئے ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات کی عدم فراہمی کےخلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے والے ڈاکٹروں کی درخواست خارج کر دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ڈاکٹر زوہیب سمیت دیگر کی درخواست پر 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔
عدالت عالیہ نے اپنے تحریری حکم میں محکمہ صحت کو بدنامی کا سبب بننے والے ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کرنے کا اختیار بھی دے دیا۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹر زوہیب سمیت دیگر نے بدنیتی کی بنیاد پر درخواست دائر کی۔
ایسی بلاجواز درخواست بازی کرنے سے اگر محکمہ صحت کی بدنامی ہوئی ہے تو مجاز حکام درخواست گزار ڈاکٹروں کےخلاف کارروائی بھی کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹروں نے ٹھوس وجوہات کے بغیر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی۔کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کرونا وائرس کےخلاف فرنٹ لائن میں کھڑے ہیں۔ تاہم کورونا کےخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان سے متعلق سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیئے۔
سرکاری وکیل نے درخواست گزار ڈاکٹروں کی کورونا سے متعلق وارڈ میں ڈیوٹی نہ ہونے کا جواب جمع کروایا۔
حکومتی جواب کے مطابق کورونا کےخلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کیلئے سٹور میں حفاظتی سامان موجود ہے۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔